نئی دہلی،16اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) جے ڈی یو ترجمان کے سی تیاگی نے صاف کر دیا ہے کہ ان کی پارٹی مرکز میں بھی این ڈی اے اتحاد میں شامل ہو گی۔ مرکزی حکومت کی جانب سے بہار کو خصوصی اقتصادی پیکیج کے جلد ہی ملنے کی خبر پر این ڈی ٹی وی سے بات چیت میں کہا کہ 19 اگست کو ہونے والی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں اس پر باضابطہ طور پر فیصلہ لے لیا جائے گا۔ وہیں بہار کو خصوصی پیکیج ملنے کی بات پر جے ڈی یو ترجمان نے کہا کہ نتیش کمار اور پی ایم مودی نے اپنا وعدہ نبھایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار نے بہار کی مدد کے لئے یو پی اے حکومت سے بھی خصوصی اقتصادی پیکیج کی مانگ کی تھی۔
غور طلب ہے کہ بہار میں بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کے بعد اس بات کی قیاس آرائی کافی دنوں سے لگائی جا رہی تھیں کہ کیا جے ڈی یو مرکز میں بھی این ڈی اے کے ساتھ سمجھوتہ کرے گی۔ یہ سوال جب بھی جے ڈی یو رہنماؤں سے پوچھا جاتا تھا تو وہ ٹالنے کے انداز میں جواب دیتے تھے کہ ابھی تک ان کے پاس کوئی دعوت نہیں آئی ہے۔اگرچہ جب نائب صدر کے عہدے کے لئے منتخب وینکیا نائیڈو کی حلف برداری تقریب میں وزیر اعلی نتیش کمار دہلی گئے تھے تو ان کی ملاقات بی جے پی لیڈروں سے بھی ہوئی تھی۔ اسی وقت بحث ہوئی تھی کہ بی جے پی صدر امت شاہ نے نتیش کمار کو این ڈی اے میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔